خلاصہ
- کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کے قتل کی خبر غلط ثابت ہوگئی۔
یاد رہے کہ معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کے ڈیرہ بگٹی میں قتل کی اطلاعات ایک روز تک مختلف ذرائع ابلاغ پر گردش کرتی رہیں۔
رپورٹس کے مطابق مائی صوبھائی کو بدھ کے روز ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی، یہ خبر سب سے پہلے سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی، جس کے بعد مختلف ٹی وی چینلز اور نیوز اداروں نے بھی اسے نشر اور رپورٹ کیا۔
تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق اطلاعات درست نہیں تھیں اور معروف بلوچ لوک گلوکارہ کئی دہائیاں قبل ہی انتقال کرچکی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی نے لوک فنکارہ مائی صوبھائی کے مبینہ قتل سے متعلق مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر و شائع ہونے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ رپورٹس میں واقعے اور اس کے مقام سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات نشر کی گئی ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی کے مطابق بعض ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق خبریں نشر و شائع کی گئیں، تاہم ان خبروں میں بیان کردہ واقعے سے متعلق معلومات حقائق پر مبنی نہیں اور غیر مصدقہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات کی تشہیر سے عوام میں بے چینی اور غلط فہمی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے کی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی منفی تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے اپیل کی کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق کوئی بھی خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل ضلع انتظامیہ اور پولیس کے مجاز حکام سے حقائق کی تصدیق ضرور کی جائے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا تقاضا ہے کہ کسی بھی واقعے کی رپورٹنگ میں تصدیق شدہ معلومات کو ترجیح دی جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خبریں نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی نے متعلقہ میڈیا اداروں سے بھی درخواست کی کہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق نشر و شائع کی گئی غلط معلومات کی مناسب تصحیح اور وضاحت جاری کی جائے تاکہ عوام کے سامنے حقائق واضح ہو سکیں۔
خیال رہے کہ مائی صوبھائی کو فوت ہوئے 40 سال سے زائد ہو چکے ہیں۔