اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے پانچوی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ جائزہ رپورٹ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد جاری کی گئی۔
رپورٹ میں پاکستان کی معاشی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے جائزہ پیش کیا گیا۔ جبکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان حکومت نے بجلی 3 روپے 34 مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک روپیہ 95 پیسے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا، دوسرے مرحلے میں بجلی مزید ایک روپیہ 63 پیسے مہنگی ہوگی، سال 2021 میں معاشی ترقی کی شرح محض 1.5 فیصد رہے گی، اگلے سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد ہوسکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق سال 2024 میں معاشی شرح نمو 5 فیصد ہوسکتی ہے، امسال مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8.7 فیصد ہوگی، 2022 میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8 ہوسکتی ہے، 2020 میں محصولات کی شرح معیشت میں 0.5 فیصد بڑھی۔
رپورٹ کے مطابق پٹرولیم لیوی کی مد میں 30 روپے وصول کرنے سے ٹیکس آمدن بڑھی، پاکستان میں ٹیکس کا نظام تاحال پیچیدہ ہے، ٹیکس کا نظام آسان اور سہل بنایا جائے گا، ٹیکس کا نظام آسان بنانے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے۔
آئی ایم ایف کے مطابق کورونا کی وجہ سے بجلی کی وصولیاں متاثر ہوئیں، سٹیٹ بینک کی خود مختاری کی یقین دہائی کرائی گئی ہے، سٹیٹ بینک کی خود مختاری پر پارلیمنٹ سے قانون سازی بروقت کرائی جائے گی، ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر بروقت عمل درآمد ہوگا۔