تیل، بجلی پر تمام سبسڈیز ختم کر دینگے: پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

Published On 16 August,2022 09:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ بیس ہو گا، پاکستان تیل اور بجلی پر دی گئی تمام سبسڈیز کو ختم کرے گا۔

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، ایل او آئی میں پاکستان کو آئی ایم ایف کو ستائیس نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔

آئی ایم ایف کو لیفٹر آف انٹینٹ میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ بیس ہو گا، پاکستان تیل اور بجلی پر دی گئی تمام سبسڈیز کو ختم کرے گا، آئی ایم ایف کی شرط پر پٹرولیم مصنوعات پر ڈویلپمینٹ لیوی کی شرح میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان بجلی کے بنیادی نرخوں اور گیس کے نرخوں میں میں اضافہ کرے گا، ایف اے ٹی ایف شرط کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ فریم ورک پر عملدرآمد کیا جائے گا، درآمدی اشیا پر پابندی پر نظرثانی جنوری 2023 میں صورتحال دیکھنے کے بعد ہو سکے گی۔

آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ خسارے میں چلنے والے اداروں میں گورننس اور شفافیت کا نظام وضع کیا جائے گا گردشی قرضوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مانیٹرنگ اور ادائیگیوں کا نظام بہتر کیا جائے گا۔
 

Advertisement