اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سال 24-2023 میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی، حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا۔
آئی ایم ایف کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پر آ جائے گی جبکہ اس سال اوسط مہنگائی 29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائے گا۔