مہنگائی کا طوفان، بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں

Published On 01 August,2023 08:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) بجلی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باعث بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

مہنگائی کا جِن دن بدن بے قابو ہوتا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے، شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران نے وزیراعظم شہبازشریف سے ریلیف کی اپیل کر دی۔

چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔

ادھر ہال روڈ کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ہر چیز مہنگی ہونے کی وجہ سے کاروبار نہیں، کرائے اور اخراجات نکالنا مشکل ہے اوپر سے بجلی کے بلوں نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں تاکہ دکاندار طبقے اورعوام کو سکھ کا سانس مل سکے۔