کراچی: (دنیا نیوز) بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہونے پر مقامی مارکیٹ میں بھی ایل پی جی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
چیئرمین ایل پی جی عرفان کھوکھر کے مطابق 92 ڈالر فی میٹرک ٹن اضافے کہ بعد ایل پی جی 464 سے بڑھ کر 556 ڈالر فی میٹرک ٹن پر پہنچ گئی جس کے بعد ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا۔
عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 120 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 450 روپے بڑھ گئی، صرف دو دن میں فی کلو قیمت 20 روپے بڑھ گئی، عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے مدنظر مقامی سطح پر بھی ایل پی جی کی قیمت میں مزیداضافے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ اب ایل پی جی کی فی کلو قیمت 210 سے بڑھ کر 220 روپے تک پہنچ گئی، گھریلو سلنڈر 2495 روپے کے بجائے 2615 روپے اور کمرشل سلنڈر 9580 روپے کی بجائے 10030 روپے کا ہو گیا۔
عرفان کھوکھر نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 255 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 3015 اور کمرشل سلنڈر 11600 روپے تک پہنچ گیا۔