کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے وفد کو مسائل کے تدارک کی یقین دہانی کرائی۔
انوارالحق کاکڑ سے ملاقات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی، نگران وزیراعظم نے کہا بلوچستان دو ہمسایہ ممالک اور گوادر بندرگاہ کی وجہ سے تجارت کیلئے نہایت موزوں علاقہ ہے، بلوچستان میں معدنیات کے کثیر ذخائر اور وسیع پیمانے پر زرعی اراضی ہونے کی وجہ سے اسے صنعتوں کا مرکز ہونا چاہئے۔
نگران وزیرِاعظم نے کہا حکومت اپنے مختصر عرصے میں بھرپور کوشش کرے گی بلوچستان میں صنعتی انقلاب کی شروعات ہو، حال ہی میں قائم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے کوشش کی جائے گی کہ بلوچستان زیادہ سے زیادہ مستفید ہو۔
اجلاس میں وفد نے نگران وزیرِ اعظم کو بلوچستان میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، انوارالحق کاکڑ نے ان مسائل کے تدارک کی یقین دہانی کروائی۔