اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں۔
پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کی راہ ہموار ہونے لگی، اسلام آباد میں پاک سعودی عرب بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریکوڈک پر جلد پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آ رہا ہے، پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، جس کے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں:پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں: سعودی وزیر سرمایہ کاری
ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کیلئے کام کیا ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ کاروبار کیلئے سہولیات فراہم کرنا ہے، نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔
پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کریگا: جام کمال
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد الفالح کی قیادت میں سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں، سعودی عرب پاکستان کیلئے اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اس فورم کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، سعودی عرب زراعت، کان کنی، آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا 2030کا وژن قابل تحسین ہے، پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ ویژن 2030 سعودی عرب کی معیشت میں متنوعیت لانے کا اہم منصوبہ ہے، پاکستانی کاروبار سعودی عرب کے ویژن 2030 میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دونوں ممالک کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے: مصدق ملک
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے متعدد مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ریڈ کارپٹ بچھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سعودی عرب میں پٹرولیم کے خام مال کے بیشمار وسائل موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلز ٹیکس کی چوری روکنا ترجیح، کمپنیوں کا جھوٹ ناقابل برداشت ہے: وزیر خزانہ
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا جبکہ سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم سرمایہ کاری اورکاروباری معاہدوں پر بات ہوگی جب کہ سعودی وزارت سرمایہ کاری وفد کے دورہ پاکستان میں متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری ترجیح ہے: عبدالعلیم خان
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی پاکستان میں آمد خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے باعث مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، ایس آئی ایف سی، بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری ترجیح ہے، سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔