وزیر اعظم کا شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

Published On 19 November,2024 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے شوگر ملوں، شوگر ڈیلرز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا، شہباز شریف نے کہا کہ کیمروں کے ذریعے شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل سے چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکے گی اور قیمتوں میں توازن رہے گا اور سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔

شہباز شریف نے چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔


وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ شوگر سٹہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، سٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کئے جائیں۔