پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھارتی کوشش ناکام

Published On 14 June,2025 05:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی پاکستان کیخلاف آئی ایم ایف میں سبکی کے بعد فیٹف (FATF) میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا جب کہ پاکستان عالمی اعتماد کے ساتھ کامیابی کی راہ پر ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے سفارتی وفد کی بھرپور کوشش رہی کہ پاکستان کو FATF کے اجلاس میں ایک بار پھر گرے لسٹ میں شامل کرایا جائے، تاہم آج ہونے والے FATF اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فیٹف فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح مؤقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی، ترکی اور جاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی۔

ذرائع کے مطابق آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں، پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پیش پیش رہی۔

بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کی، اس ڈس انفو لیب کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے، اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک میں گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی۔

بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا، تاہم FATF کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔

ہندوتوا اور صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہیں، یہ پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی ہے۔