پٹرول و ڈیزل پر سبسڈی ختم، حکومت نے پٹرولیم لیوی 55 روپے فی لٹر بڑھا دی

پٹرول و ڈیزل پر سبسڈی ختم، حکومت نے پٹرولیم لیوی 55 روپے فی لٹر بڑھا دی

حکومت نے پٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا، پٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔

رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونےسے نان ٹیکس ریونیومیں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر پٹرول و ڈیزل پر سبسڈی بھی ختم کر دی گئی۔

ڈیزل پر 203 روپے اور پٹرول پر 95 روپے فی لٹر دی جا رہی سبسڈی ختم کی گئی ہے، سبسڈی ختم کر کے تمام بوجھ صارف پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرول کی قیمت میں 137.23 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 184.49 روپے بڑھاتے ہوئے نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حکومت نے پٹرول 137 روپے 23 پیسے، ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا

دوسری جانب کمرشل پروازوں کیلئے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 329 روپے 17 پیسے کا بڑا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ یکم مارچ کو فی لیٹر قیمت 188 روپے تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایئر لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافے کا قوی امکان ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اگر قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو مسافروں کو آنے والے دنوں میں مزید مہنگے فضائی سفر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔