ہفتہ وار مہنگائی میں مزید 0.49 فیصد اضافہ، شرح 9.66 فیصد ہوگئی

ہفتہ وار مہنگائی میں مزید 0.49 فیصد اضافہ، شرح 9.66 فیصد ہوگئی

وفاقی ادارۂ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح بڑھ کر 9.66 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء سستی جبکہ 18 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارۂ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے پٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیاز 14.17 فیصد اور چکن 3.35 فیصد مہنگا ہوا، دال چنا، لہسن، چائے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انڈے 5.78 فیصد سستے ہوئے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت میں 1.17 فیصد کمی ہوئی، جبکہ چینی، ایل پی جی اور کیلے کی قیمتیں بھی کم ہوگئیں۔