تجارت
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسکوز کے لینڈ اثاثے ایک سرکاری ملکیتی پاور ہولڈنگ کمپنی کو بطور ہولڈنگ کمپنی منتقل کیے جائیں گے، منصوبہ سکیم آف ارینجمنٹ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا جب کہ منظوری کے لیے اسے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جائے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے منصوبے پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی تنظیم نو سے خدمات کا معیار بہتر بنانے اور بجلی کی تقسیم کے شعبے میں نقصانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔