محمد اورنگزیب سے سعودی سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

محمد اورنگزیب سے سعودی سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل معاونت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ، باہمی اعتماد اور احترام پر قائم ہیں، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کی دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی کی صورتحال میں بہتری اور عالمی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے سے متعلق پیش رفت سے سعودی سفیر کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان کی جانب سے 3 ارب امریکی ڈالر کے یورو بانڈز کے اجرا اور چین کی سرمایہ منڈی تک رسائی کے ذریعے عالمی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کا بھی ذکر کیا گیا۔

ملاقات میں زراعت، معدنیات و کان کنی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے علاقائی صورتحال اور جاری تنازعات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے ساتھ خطے کے اقتصادی امکانات کے تحفظ کو اہم قرار دیا، پاکستان کے تزویراتی جغرافیائی محلِ وقوع اور علاقائی تجارت و راہداری کے مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مستحکم اور قابلِ پیش گوئی ماحول برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب نے تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔