خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی برآمدات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق طویل مدتی ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت کے تحت برآمدات کی کم از کم شرط 80 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کردی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت متعلقہ اداروں کو چار سال کے دوران کم از کم 50 فیصد برآمدات کرنا ہوں گی، جبکہ پیشرفت کا جائزہ ہر چھ ماہ بعد لیا جائے گا۔
اجلاس میں نیشنل اکنامک انیشی ایٹوز منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ اقلیتی بہبود فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اقلیتی بہبود فنڈ سے اقلیتی برادری کی مالی معاونت، وظائف، یتیم بچیوں کی شادی کے اخراجات اور ہنگامی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی مرمت کے لیے بھی فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹرز کے اسپیئر پارٹس کی خریداری کے لیے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے اور فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے زیر استعمال ہیلی کاپٹرز کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 10 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی نے دانش اسکولز اتھارٹی کے لیے پہلے سے جاری 2 ارب روپے میں سے 50 کروڑ روپے مالی سال 2026-27 کے آپریشنل اخراجات پر خرچ کرنے کی اجازت دے دی۔ اس رقم سے ملازمین کی تنخواہوں، رہائش، یوٹیلیٹیز، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور مرمت کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی کے واجب الادا گارنٹیڈ تھروپٹ کلیم کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی۔
دوسری جانب ای سی سی نے چینی کی برآمدات سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا اور کسانوں کے مفادات اور ان کی پیداوار کا مناسب معاوضہ یقینی بنانے پر زور دیا۔ کمیٹی نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔