لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی اور مینٹور ہاشم آملہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا ہے کہ جلد پی ایس ایل کے دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑجائے گی،
پشاور زلمی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد پاکستان میں موجود پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی اور مینٹور ہاشم آملہ نے چیئرمین جاوید آفریدی اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز پشاور زلمی محمد اکرم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی کی۔
آرمی چیف نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کردار پر کرکٹرز کو سراہا اور ایونٹ کی کامیابی اور ترقی پر کرکٹرز کو مبارکباد دی۔
مہمانوں نے پاکستان کے مختلف حصوں کے اپنے دوروں کے بارے میں تجربات سے آگاہ کیا، مہمانوں نے پاکستان کو ایک خوبصورت اور پرامن ملک قراردیا۔
پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی اور کرکٹرز نے ملاقات اور حوصلہ افزائی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔