لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردار ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ثقلین مشتاق اورعبدالرزاق عبوری کوچزکی ذمہ داری نبھائیں گے۔ اس حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنی 24 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، جانتا ہوں یہ آئیڈیل وقت نہیں۔ اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے عہدہ چھوڑنے سے متعلق بتایا تو میں نے بھی کوچنگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ بورڈ مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، وقار یونس نے بھی جرات مندانہ فیصلہ کیا۔ ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو نیوزی لینڈ سیریز کیلئے عبوری کوچز تعینات کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی انتظامیہ نے مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور باولنگ کوچ مقرر کیا تھا۔