لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے تمام ضروریات مکمل کرلی ہیں اور اب ہر طرح سے کھیلنے کے لیے تیار ہوں، پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں ایکشن میں ہوں گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انجری کے باعث طویل وقت کے لیے ٹیم سے باہر رہنا مشکل تھا، کبھی کبھی یہ بھی ذہن میں آتا تھا کہ انجری سے باہر نکلنے کے لیے اب میں مزید کچھ نہیں کر سکوں گا۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اب مجھ میں اسی طرح کی انرجی ہے جیسے سری لنکا میں انجرڈ ہونے سے پہلے تھی، اسی طرح بھاگ رہا ہوں اور پہلے کی طرح بولنگ بھی کر رہا ہوں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم نے ہوم سیریز میں اچھی کوشش کی لیکن نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا، میں بھی ہوتا تو ٹیم کی جیت کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کو میری ضرورت تھی تو میں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا، ورلڈ کپ میں بھی اگر میں اسی طرح بھاگتا جیسے اب بھاگ رہا ہوں تو نتیجہ مختلف ہوتا۔