مسلسل دوسری ٹرافی: قلندرز کی ایک بار پھر کپتان اور کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش

Published On 20 March,2023 09:31 am

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے مسلسل دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں پوری ٹیم پر انعامات کی بارش کر دی۔

ہفتے کے روز پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی تھی اور مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

لاہور قلندرز کی جیت میں ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے پہلے بیٹنگ میں 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر باؤلنگ میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جیت کی خوشی میں لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے ٹرافی جیتنے پر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف سمیت ڈگ آؤٹ میں بیٹھے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں مسلسل دوسری بار ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک طویل ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ثمین رانا کی جانب سے فائنل اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔

ثمین رانا نے شاہین شاہ آفریدی کے لیے میچ میں بہترین پرفارمنس پر قلندرز سٹی میں ایک کنال پلاٹ اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کپتانی کے لیے قلندرز سٹی میں بنگلے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے لوگوں کے لیے بھی قلندرز سٹی میں پلاٹس کا اعلان کیا جس پر تمام کھلاڑیوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

Advertisement