چنئی:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے امید ہے جنوبی افریقہ کیخلاف فتح سے تنقید ختم ہوگی۔
پری میچ پریس کانفرنس میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی ہے، ہم نے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی دکھائی ہے لیکن ماضی میں اس طرح کی صورت حال سے واپسی کی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ہم نے اس طرح نہیں کھیلا جس طرح ورلڈ کپ سے پہلے کھیلتے تھے لیکن پروٹیز کیخلاف میچ سے ہمیں جیت کی روایت بحال کرنی ہے۔
شاداب کا کہنا تھا کہ جب آپ ایسی صورت حال میں ہوتے ہیں تو میرے خیال میں دباؤ کم ہوتا ہے کیونکہ آپ کے پاس ہارنے کے لئے کچھ نہیں ہوتا ہے، افغانستان سے شکست کو ہم پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کھلاڑیوں سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ اگر آپ ورلڈ کپ کی طرح کے کسی ٹورنامنٹ کیلئے جا رہے ہوں تو آپ کو سوشل میڈیا سے دور ہوجانا چاہیے، یہ رویے ہوتے ہیں جب کوئی ٹیم میں نہیں ہوتا ہے پھر وہ بہترین ہوتے ہیں اور جب کوئی ٹیم میں ہوتا ہے تو پھر وہ برے ہوتے ہیں۔
نائب کپتان قومی ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہوں تو ہر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ اچھا کر رہا ہے لیکن اگر آپ کی کارکردگی بہتر نہ ہو تو پھر وہی لوگ کہتے ہیں وہ اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔