برسبین: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 27 سال بعد ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔
مہمان ٹیم نے کینگروز کو 1997 کے بعد اس کی سرزمین پر ڈھیر کیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز 2001 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
آسٹریلیا کو میچ جیتنے کیلئے 216 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا تاہم ویسٹ انڈین باؤلر شمر جوزف کی ناقابل یقین باؤلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم وکٹ پر سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) January 28, 2024
شمر جوزف نے دوسری اننگز میں کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرواتے ہوئے 11.5 اوورز میں 68 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، انہیں میچ اور ٹیسٹ سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر دوسری اننگز میں پاؤں کے زخمی انگوٹھے کے ساتھ باؤلنگ کرتے رہے۔
ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز ٹیم 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے 289 رنز 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی تھی۔
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) January 28, 2024
22 رنز کی برتری حاصل ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز 193 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور مخالف ٹیم کو 216 رنز کا ہدف دے سکی تاہم میزبان ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور ٹیسٹ کے چوتھے روز 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز 2 فروری سے ہوگا جبکہ تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز 9 فروری سے ہوگا۔