کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاک کالونی منگھو پیر روڈ پر سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار ملا سہیل گروپ کے دو اہم کارندے گرفتار کرلئے۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی منگھوپیر روڈ پر سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کے دو اہم کارندے گرفتار کر لئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان حارث عرف رام جانے اور عابد بلوچ عرف عابد گوئی کا تعلق لیاری گینگ وار عزیر جان بلوچ کے اہم کمانڈر سہیل ملا گروپ سے ہے۔ ملزمان نے 2013 میں لیاری گینگ وار میں شمولیت اختیار کی۔ ابتدا میں منشیات فروشی اور ساتھیوں کو بیک اپ دینے کا کام کرتے تھے۔ ملزمان نے لیاری میں بیکری مالک پر بھتہ نہ دینے پر دستی بم حملہ کیا۔ 2015 اور 16 میں ملا سہیل اور اسماعیل پینترا کی ہدایت پر کئی افراد کو قتل کیا۔
ملزمان اغوا، دستی بم حملے، بھتہ خوری، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان نے اپنے مخالفین تین افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔