کراچی: رات گئے لوٹ مار کے دوران فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، خاتون سمیت دو افراد زخمی

Published On 04 May,2022 10:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رات گئے لوٹ مار کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان دو مقامات پر مبینہ مقابلوں کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ جیل چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

شہر قائد میں رات گئے ناظم آباد نمبر دو ذیشان پارک کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، فائرنگ سے زخمی اور جاں بحق شخص کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی۔

نیو کراچی صنعتی ایریا اللہ والی کے قریب ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں بائیس سالہ خاتون زخمی ہو گئی، زخمی خاتون کے شوہر کے مطابق گلشن معمار سے ساس اور اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ فالودہ کھا کر سسرال جا رہے تھے ملزمان نے گاڑی روکنےکی کوشش کی اور نہ رکنے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

شیر شاہ اور گلبہار میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ادھر جیل چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا، نوجوان کی لاش شناخت کے لئے ہسپتال منتقل کردی گئی۔
 

Advertisement