کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں سٹریٹ کرمنلز بے لگام ہوگئے، انچولی سوسائٹی میں نجی بینک کے باہر شہری سے ڈکیتوں نے 30 لاکھ لوٹ لئے، سائٹ اے پولیس کے اہلکاروں کو گھر جاتے ہوئے ڈکیتوں نے لوٹ لیا، واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں نجی بینک کے باہر ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی، ڈاکو مبینہ طور پر 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واردات پٹرول پمپ مینجر کے ساتھ ہوئی، ملزمان نے تعاقب کیا، پولیس نے واردات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، مینجر کے پاس 70 لاکھ روپے تھے، 40 لاکھ لٹنے سے بچ گئے۔
دوسری۔جانب شہریوں کے بعد پولیس اہلکار بھی سٹریٹ کرمنلز کا نشانہ بننے لگے، سائٹ اے پولیس چوکی میں تعینات اہلکار ڈکیتوں کے ہاتھوں لٹ گیا، اہلکار دوست کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن سے مشرف کالونی جا رہا تھا۔
متاثرہ اہلکار کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان نے روکا، ملزمان سرکاری پستول، فون، اے ٹی ایم، نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے، پولیس اہلکار کی جانب سے درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔