لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران گولیاں لگنے سے دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزموں کے قبضہ سے دوران ڈکیتی چھینی ہوئی ایک موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، دونوں ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب وہاڑی کے علاقے رحمانیہ کالونی میں دو مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر خواتین سے لاکھوں روپے کے زیورات چھین لیے اور فرار ہو گئے، پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔