کراچی: (دنیانیوز) ایف آئی اے انٹرپول اور امیگریشن کی بڑی کارروائی، 10 سال سےسنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے فلائٹ نمبر SV700کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ، ملزم راؤحبیب الرحمان پنجاب پولیس کو مطلوب ہے ، ملزم کےخلاف تھانہ فتح شاہ وہاڑی میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
ملزم کے خلاف سال 2014 میں مقدمہ درج ہوا ، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، ملزم کو بعد ازاں پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا ۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارکردگی کو سراہا، این سی بی انٹرپول پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے لئے دنیا میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں، ملزمان کی معلومات کے حوالے سے بھی انٹرپول کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، سنگین جرائم میں مطلوب عناصر کی گرفتاری کے لئے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں ، ملزمان کی گرفتاری کے لئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کئے جائیں۔
احمد اسحاق جہانگیر نے کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے، انٹرپول افسران کی ٹریننگ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔