لاہور: کار سوار ڈاکو اسلحے کے زور پر نوجوان سے قربانی کے بکرے لے اڑے

Published On 28 May,2024 03:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں کے ساتھ اب قربانی کے جانور بھی محفوظ نہ رہے ، کار سوار ڈاکو اسلحے کے زور پر نوجوان سے 2 بکرے لوٹ کر لے گئے۔

عیدالاضحٰی کی آمد آمد ہے، ملک بھرمیں شہریوں کی جانب سے جانوروں کی خریدوفروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تاہم لاہور میں ڈاکوؤں نے قربانی کے جانوروں کو بھی نہ چھوڑا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے سمن آباد رسول پارک میں اسلحے کے زور پر دن دیہاڑے بکرے چھیننے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان گھر سے بکرے لے کر نکلتا ہے، اسی اثنا میں سفید رنگ کی کار میں تین نوجوان آتے ہیں جن میں سے ایک اسلحہ کے زور پر بکروں کے مالک کو یرغمال بنا لیتا ہے۔

ڈاکو کے دیگر دو ساتھی بکروں کو پکڑ کر گاڑی میں ڈالتے ہیں، اسلحہ تانے ڈاکو نوجوان کو دھمکیاں دیتا ہوا گاڑی میں بیٹھتا ہے اور پھر ڈاکو فرار ہو جاتے ہیں۔

تھانہ سمن آباد نے واردات کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔