لاہور: (دنیا نیوز) طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کرنے والے شوٹر ز نے سپاری دینے والے کا نام بتادیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شوٹرز نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ انہوں نے جاوید بٹ کو ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر مصعب کے کہنے پر قتل کیا ہے، قتل کروانے کے عوض 5 لا کھ روپے سپاری اور دو قیمتی گھروں کے عوض سودا طے پایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث دونوں شوٹرز اظہر اور الیاس امیر مصعب سے رابطے میں تھے، دونوں شوٹرز کی امیر مصعب سے ملاقات عارف نے کروائی جو پتوکی کا رہائشی اور امیر مصعب کا سابقہ ملازم ہے، ملزم عارف تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ امیر مصعب منصوبہ بندی کے تحت جاوید بٹ کے قتل سے چھ روز قبل بیرون ملک فرار ہوا، قتل میں ملوث دونوں شوٹرز قتل سے پہلے اور بعد میں بھی امیر مصعب سے رابطے میں رہے۔