لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی فلم انڈسٹری کی مشہور اور دلکش اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ مہینوں بعد سیٹ پر کام کرتے ہوئے وہ غیر حقیقی سا محسوس کر رہی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران متعدد شعبے مکمل طور پر بند ہو گئے تھے جبکہ اس وبا کے دوران متعدد انڈسٹریز نے گھروں سے کام کرنے کو ترجیح دی، ایسے میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی شوبز انڈسٹری کو شدید دھچکا لگا تھا۔ اب حالات آہستہ آہستہ معمول کی طرف آ رہے ہیں اور متعدد انڈسٹریز سمیت شوبز انڈسٹری کی بھی شوٹنگز کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔
اداکارہ ما ہرہ خان نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں کورونا کے بعد ہونے والے فوٹو شوٹ سے متعلق اپنے مداحوں کو بتا رہی ہیں ۔
انسٹا گرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کیپشن میں لکھا ہے کہ کئی مہینوں بعد سیٹ پر واپسی اُنہیں غیر حقیقی سی محسو س ہو رہی ہے، مگر اب وہ دوبارہ سے کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں ، چاہے یہ تھوڑی سی دیر کے لیے ہے مگر اُن کے لیے نعمت ہے۔
ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ اُنہیں گلے ملنے کی عادت ہے، اس لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نئے قواعد ضوابط ( سوشل ڈسٹینسنگ) انہیں پسند نہیں آ رہی ہے ۔