ترک اداکار کی درخواست پر معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گرفتار

Published On 17 June,2021 09:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اینگن التان کی درخواست پر معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کر لیا گیا، کاشف ضمیر پر ترک اداکار اینگن التان کے ساتھ نوسربازی کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ ترک اداکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ترک سفارتخانے کی جانب سے شکایت کا لیٹر محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوایا گیا، آئی جی پنجاب کے حکم پر شکایت پر فوری مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم کاشف ضمیر نے چودھری گروپ برانڈ کی شوٹنگ کے لئے اینگن التان کو پاکستان بلوایا، یہاں آنے پر کاشف ضمیر کی جانب سے رقم ادا نہ کی گئی، ترک اداکار کی ٹیم کی جانب سے رقم کا تقاضہ کرنے پر ملزم کاشف نے معاہدہ کینسل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزم نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا، ملزم کے قبضے سے نیلی لائٹ والی گاڑی اور اسلحہ برآمد کر کے دوسرا مقدمہ تھانہ نشتر کالونی میں درج کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف نوسربازی کے مقدمات پہلے بھی درج ہیں۔
 

Advertisement