لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ نوشین شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے عورتوں کے مختصر لباس سے مردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر ردعمل میں اُن کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔
اداکارہ نوشین شاہ نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ پردہ کرنا ہمارے اسلام میں ہے اور اس میں ہی ہماری بہتری ہے۔ اب پردہ کرو یا نہ کرو وہ آپ کی مرضی ہے ، میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مردوں کو معافی ہے، نہیں حساب دونوں کو ہی دینا ہوگا۔
نوشین شاہ نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے بہت سارے لوگوں کو قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے مجھ سمیت، میں یہاں کسی کو عظیم یا بدتر ثابت نہیں کررہی کیونکہ یہ کام اللّٰہ کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم ہمیں اللّٰہ کا حکم ماننا چاہئے، عمران خان ہمیں آپ پر فخر ہے۔