’ہیرا منڈی ‘ میں میری اداکاری کا موازنہ فواد خان سے کرنا قابل فخر ہے: طحٰہ شاہ

Published On 16 May,2024 07:22 pm

نئی دہلی :(ویب ڈیسک ) حال ہی میں ریلیز ہونے والی بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں تاجدار کا مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار طحٰہ شاہ نے کہا ہے کہ ویب سیریز میں ان کی اداکاری کا موازنہ فواد خان سے کرنا ان کے لیے قابل فخر بات ہے۔

طحٰہ شاہ نے حال ہی میں بھارتی شوبز ویب سائٹ انسٹنٹ بولی وڈ کو انٹرویو دیا، جس کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، طحٰہ شاہ سے سوال کیا گیا کہ شائقین ویب سیریز میں ان کے چہرے اور کردار کا فواد خان اور وکی کوشل سے موازنہ کر رہے ہیں تو انہیں کیسا محسوس ہو رہا ہے؟۔

اداکار نے کہا کہ ان کے لیے لوگوں کی جانب سے چہرے اور کردار کا موازنہ فواد خان اور وکی کوشل سے کرنا اتنی اہمیت نہیں رکھتا، جتنا اہم وہ اداکاری کا موازنہ سمجھتے ہیں، یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ لوگ ان کی اداکاری کا موازنہ بڑے اور منجھے ہوئے اداکاروں سے کر رہے ہیں۔

طحٰہ شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے رومانس کا شائقین نے بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے رومانس سے موازنہ کیا جو کہ ان کے لیے فخر کی بات ہے، انہیں اس بات پر فخر ہے کہ لوگوں نے ویب سیریز میں ان کی اداکاری کا موازنہ فواد خان اور وکی کوشل سے کیا وہ دنوں بڑے اداکار ہیں۔

واضح رہے’ہیرا منڈی‘ کو یکم مئی کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا، اس میں منیشا کوئرالا، فریدہ جلال، سوناکشی سنہا، ریچا چڈا اور فردین خان سمیت دیگر اداکاروں نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔