لاہور:(دنیا نیوز) ہنی ٹریپ کے بعد نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کا شکار ہونے والے معروف ڈرامہ نگار،مصنف اور شاعر خلیل الرحمان قمر نے ویڈیوز کی تصدیق کی ہے۔
خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وائرل ہونے والی نامناسب ویڈیوز ان کی ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہیں بندوق کے زور پر ویڈیو بنوانے پر مجبور کیا، ملزمان نے ان پر بندوق تان کر انہیں لڑکی کے ساتھ نامناسب عمل کرنے کا کہا گیا۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ انہوں نے ملزمان کو بتایا کہ وہ بندوق کے زور پر اس طرح کا عمل نہیں کر سکتے اور یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ بندوق کے زور پر ایسا کریں؟، لڑکی کا چہرہ اس لیے نہیں چھپایا گیا کیوںکہ وہ خود پورے پروگرام کو لیڈ کر رہی تھی، وہی انہیں ہدایات دے رہی تھی، وہ لیڈر تھی۔
انہوں نے لڑکی کا نام لیے بغیر کہا کہ اس نے اپنی فحش اور نامناسب ویڈیوز کی بات پہلے اس لیے بھی نہیں بتائی تھی کیونکہ پہلے دن سے ہی اس پر شک کیا جا رہا تھا۔
خلیل الرحمان قمر نے دعویٰ کیا کہ ان پر بندوقیں تان کر انہیں کہا گیا کہ وہ لڑکی کے ساتھ ویڈیو میں غیراخلاقی فعل کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دو افراد سامنے کیمرے لے کر ان کی ویڈیوز بناتے رہے، پہلے وہ ان پر غلط فعل کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے لیکن بعد میں انہیں احساس ہوگیا کہ ان کے سامنے سب کچھ نہیں ہو سکتا۔