لاہور: (دنیا نیوز) معروف پاکستانی اداکارہ دانیا انور نے کہا ہے مجھے دوسری محبت اور شادی کے بعد ہی اصل محبت کا احساس ہوا۔
حال ہی میں اداکارہ دانیا انور دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات " میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پروگرام کے دوران یکطرفہ محبت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دانیا انور نے کہا کہ یک طرفہ بڑی بے وقوفی ہوتی ہے، جس میں دوسرا شخص محبت نہیں کرتا لیکن یک طرفہ محبت کرنے والا شخص اپنا وقت ضائع کر رہا ہوتا ہے۔
میزبان عمران اشرف نے اداکارہ سے محبت بارے سوال کیا جس پر انہوں نے اعتراف کیا کہ مجھے دو بار محبت ہوئی، پہلی محبت ناکام ہوئی جبکہ دوسری محبت کے بعد ہی مجھے معلوم ہوا کہ محبت کیا ہوتی ہے۔
عمران اشرف نے دانیا انور سے ان کی دوسری محبت کے حوالے سے بات کرنے کی اجازت مانگتے ہوئے اداکارہ کے شوہر سے متعلق انکشاف کیا کہ دانیا انور نے ماضی کے مقبول فلمی ہیرو ندیم بیگ کے بیٹے فرحان ندیم بیگ سے دوسری شادی کی۔
میزبان کی بات پر دانیا انور نے شرمندگی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں دوسری شادی اور محبت کے بعد ہی اصل محبت کا احساس ہوا ہے۔
کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے دانیا انور نے بتایا کہ معصومیت کی وجہ سے انہیں ڈراموں میں کام کرنے کا موقع ملا، میری خواہش ہے مجھے کسی ایسے کردار کی پیش کش کی جائے جس میں کم سے کم تین سے زائد محبت کرنے والے افراد کو قتل کروں۔