ممبئی: (ویب ڈیسک) جان ابراہم اور پریانکا چوپڑا کی نئی فلم میں دھماکے دار واپسی ہوگئی۔
بالی وڈ کے مشہور اداکار جان ابراہم اور پریانکا چوپڑا ایک بار پھر ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے اور اس بار یہ جوڑی ایس ایس راجامولی اور مہیش بابو کی آنے والی میگا بجٹ فلم SSMB29 کا حصہ بنے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق SSMB29 میں جنوبی بھارتی اداکار پرتھوی راج سوکمارن کو ایک اہم کردار کے لئے سائن کیا گیا تھا لیکن وہ فلم کا حصہ نہ بن سکے، اب ان کی جگہ جان ابراہم نے لے لی ہے، جان ابراہم حیدرآباد میں شوٹنگ کریں گے اور ان کے کئی سینز پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہوں گے۔
یہ فلم ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے، جس میں مہیش بابو مرکزی کردار ادا کریں گے، فلم ایک ایڈونچر ایکشن کہانی ہوگی، جس کی شوٹنگ بھارت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی کی جائے گی۔
اطلاعات ہیں کہ فلم قدیم بھارتی دیومالائی کہانی پر مبنی ہوگی لیکن جدید دنیا میں پیش کی جائے گی، یاد رہے کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز 3 جنوری کو ہوا تھا اور حال ہی میں پریانکا چوپڑا حیدرآباد پہنچیں، جس سے ان کے فلم کا حصہ بننے کی قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئیں۔