نیویارک کے میئر ظہران ممدانی بھی پاکستانی گلوکار شمعون اسماعیل کے مداح نکلے

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی بھی پاکستانی گلوکار شمعون اسماعیل کے مداح نکلے

امریکی جریدے رولنگ اسٹون کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ظہران ممدانی سے پوچھا گیا کہ وہ ان دنوں کون سی موسیقی سن رہے ہیں تو اس پر انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت یوگنڈا کے معروف میوزک جوڑے ریڈیو اینڈ ویزل کے گیت سن رہے ہیں جو طویل عرصے تک وہاں کے میوزک چارٹس پر چھائے رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی ریپر شمعون اسماعیل کو بھی سنتا ہوں جن کی موسیقی میں کئی برسوں سے سنتا آ رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کبھی سوچ بچار کے موڈ میں ہوں تو کیسی مسگریوز کو بھی سنتا ہوں۔

ظہران ممدانی یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے والد اور بھارتی نژاد والدہ کے گھر پیدا ہوئے اور ان کی پرورش نیویارک میں ہوئی، ان کے موسیقی کے انتخاب سے بھی ان کے اسی متنوع ثقافتی پس منظر کی جھلک ملتی ہے جبکہ وہ جنوبی ایشیائی برادری سے اپنے مضبوط تعلق کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔

اگرچہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ شمعون اسماعیل کے کون سے گانے ان کی پلے لسٹ میں شامل ہیں تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے برصغیر کی موسیقی کی تعریف کی ہو۔

اس سے قبل بھی ان کی کامیابی کے بعد کی تقریر کے اختتام پر ’دھوم مچالے‘ کی دھن بجنے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی، ظہران ممدانی اس سے قبل ٹیلر سوئفٹ، جے زی اور کم پیٹراس جیسے عالمی فنکاروں کی موسیقی پسند کرنے کا بھی اظہار کر چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بھارتی نژاد امریکی ریپر ہیمانشو سوری (ہیِمز) کے مداح ہیں اور انہی سے متاثر ہو کر انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شمعون اسماعیل پاکستانی موسیقی کے مقبول ترین نوجوان فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں، ان کے حالیہ گیت ’یوزڈ ٹو اٹ‘ اور ’والیم‘ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں مرتبہ سنا جا چکا ہے اور انہیں نوجوان سامعین میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

شمعون اسماعیل نے کچھ عرصہ قبل موسیقی سے مختصر وقفہ لیا تھا جس دوران ان کی منگنی یا شادی کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔ بعد ازاں نئے سال کے موقع پر انہوں نے اپنے مداحوں کے نام ایک ہاتھ سے لکھا ہوا خط جاری کیا جس میں اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کا ذکر کیا تھا۔