خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا سٹار دنانیر مبین نے اداکاری کے بعد گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا، ان کا پہلا میوزک ٹریک ’ٹچ‘ ریلیز کردیا گیا۔
دنانیر مبین نے مداحوں کو اپنے نئے گانے کی خبر دینے کے لیے انسٹاگرام پر ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کی، اداکارہ نے بتایا کہ ’ٹچ‘ کی تیاری میں خاصی محنت کی گئی ہے اور انہیں امید ہے کہ شائقین اس گانے کو پسند کریں گے۔
میوزک ٹریک ’ٹچ‘ میں دنانیر مبین کے ساتھ گلوکار حیدر مستحسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، گانے میں تیز اور جاندار ردھم کے ساتھ توانائی سے بھرپور میوزک کو نمایاں کیا گیا ہے، جو اسے منفرد انداز کا پاپ ٹریک بناتا ہے۔
دنانیر مبین اس سے قبل سوشل میڈیا پر اپنی وائرل ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرچکی ہیں، جس کے بعد انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا اور ’صنفِ آہن‘ اور ’محبت گمشدہ میری‘ جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اداکاری اور اب موسیقی کے میدان میں قدم رکھنا دنانیر مبین کے فنی سفر کا ایک اور اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
’ٹچ‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی دنانیر مبین نے اپنے فن کا دائرہ اداکاری سے بڑھاتے ہوئے موسیقی کو بھی اپنے کیریئر کا حصہ بنا لیا ہے، گانے کو شائقین کی جانب سے کیسا ردعمل ملتا ہے، اس کا اندازہ آنے والے دنوں میں ہوگا۔