سلما بلیئر نے جہاز میں فضائی عملے کو مکے مارنے و کاٹنے پر معافی مانگ لی

سلما بلیئر نے جہاز میں فضائی عملے کو مکے مارنے و کاٹنے پر معافی مانگ لی

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 54 سالہ سلما بلیئر سے متعلق رواں ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہیں امریکی شہر لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر فضائی عملے کے ارکان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سلما بلیئر نے 30 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کر کے اس واقعے سے متعلق معافی مانگی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرا کبھی بھی کسی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا، میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی کسی کو نقصان پہنچانے یا ڈرانے کا نہیں سوچا، میں نے جن لوگوں کو مایوس کیا، نقصان پہنچایا، یا جو کوئی بھی میری وجہ سے خوفزدہ ہوا میں ان سب سے معذرت خواہ ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اتنے وقت سے خاموش اس لیے تھی کیونکہ میرے وکلاء نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ جب تک قانونی کارروائی جاری ہے تب تک میں اس حوالے سے بات نہ کروں۔

یاد رہے کہ سلما بلیئر پر لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں ایک فضائی میزبان کو مکے مارنے اور دوسرے کو کاٹنے کا الزام تھا۔

نیویارک کے علاقے کوئنز کی عدالت میں امریکی اداکارہ پر اسپتال منتقلی کے دوران پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے 2 الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔