خلاصہ
- ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61ویں سالگرہ پر مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کا جواب ہاتھ سے لکھے خصوصی پیغام کے ذریعے دیا، تاہم اس بار وہ اپنی رہائش گاہ منت کی بالکونی میں آکر مداحوں کو ہاتھ ہلاتے دکھائی نہیں دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہر سال شاہ رخ خان کی سالگرہ پر آدھی رات کو بڑی تعداد میں مداح ان کی رہائش گاہ منت کے باہر جمع ہوتے ہیں اور اداکار کی بالکونی میں آمد کا انتظار کرتے ہیں۔ یہ روایت کئی برس سے جاری ہے، تاہم رواں سال گھر کی تزئین و آرائش کے باعث شاہ رخ خان بالکونی میں نہیں آئے۔
اس کے باوجود مداح رات گئے تک ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہے۔ شاہ رخ خان نے منت کے باہر نصب بڑے بل بورڈ پر ہاتھ سے لکھے پیغام کے ذریعے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
اداکار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ سب کی محبت اور نیک تمناؤں کا شکریہ، میری طرف سے بھی آپ سب کے لیے ڈھیروں پیار۔ انہوں نے پیغام کے اختتام پر مداحوں کو بڑی سی جپھی دینے کا ذکر کرتے ہوئے اپنے دستخط بھی کیے۔
شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کی رہائش گاہ منت کو آنے والی فلم ’کنگ‘ کی تشہیری تصاویر اور مناظر سے بھی سجایا گیا۔ بل بورڈ پر فلم کے دو مکالمے ’کنگ اکیلا کافی ہے‘ اور ’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘ نمایاں تھے۔
واضح رہے کہ ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور اسے کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں شمار کیا جارہا ہے۔