لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈری سکرپٹ رائٹر، میزبان اور مزاح نگار انور مقصود نے اپنے اغوا کے بعد تشدد کی افواہوں کی تردید کر دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر نامور گلوکار بلال مقصود نے اپنے والد انور مقصود کی ویڈیو شئیر کی جس میں انہیں بریانی بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس دوران انور مقصود کہتے ہیں کہ اگر میرے زخم ہوتے یا ہڈی ٹوٹی ہوتی تو میں کیسے بریانی بناتا؟ میں تو ابھی بریانی بنا رہا ہوں ورنہ تو کوئی اور میرے لیے تین دن کے لیے بریانی بناتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انور مقصود کو چند روز قبل اغوا کر لیا گیا تھا جہاں انہیں حکومت کے خلاف بولنے سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی گئیں، تشدد کیا گیا اور تھپڑ مارے گئے۔
رپورٹس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لیجنڈ آرٹسٹ انور مقصود کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔