عمران اشرف کے نام پر سیلاب فنڈ اکٹھا کیا جانے لگا، اداکار نے دھوکہ دہی سے خبردار کر دیا

Published On 05 September,2025 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف نے عوام کو جعل سازوں سے خبردار کردیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معروف اداکار عمران اشرف کا ویڈیو پیغام اس وقت وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔

اداکار نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے نام سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے لوگوں سے پیسے مانگے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فیس بک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میرے نام سے منسوب پیج بنایا گیا ہے اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پیسے مانگے جارہے ہیں جن کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے نام سے منسوب مدد کے لیے کی جانے والی تمام اپیلیں جعلی ہیں، اس لیے کسی کی باتوں میں نہیں آئیں۔

عمران اشرف نے یہ بھی اعلان کیا کہ مجھے اگر ایسا کچھ کرنا ہوگا تو میں اپنے انسٹا اکاؤنٹ سے کروں گا اور میں خود بہت جلد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کچھ کرنے والا ہوں۔