خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) کمرشل پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش بارے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا موقف سامنے آگیا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے کراچی میں وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمرشل پروازوں کے لیے ملکی فضائی حدود کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹم میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پر پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کمرشل پروازوں کے لیے بند کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم یہ خبریں گمراہ کن ہیں۔
نوٹم کے مطابق یہ اقدام فضائی حدود کی بندش نہیں بلکہ ایک معمول کی آپریشنل اطلاع ہے، جس کے تحت صرف کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجنز میں مخصوص ایئر ٹریفک سروسز روٹس کے کچھ حصے عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 3 سے 31 مارچ تک روزانہ مخصوص اوقات میں یہ روٹ سیگمنٹس زمین سے لامحدود بلندی تک بند رہیں گے اور یہ فیصلہ خالصتاً آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہے اور تمام سول ایوی ایشن، بشمول کمرشل پروازوں، کے لیے دستیاب ہے۔ ایئر ٹریفک سروسز بلا تعطل جاری ہیں جبکہ متاثرہ راستوں کے لیے متبادل روٹس معمول کے مطابق استعمال کیے جا رہے ہیں۔