میرانشاہ:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق بچے کا تعلق شمالی وزیرستان میر علی یونین کونسل 7 سے ہے، رواں برس تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں، میر علی سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں، پولیو کے خاتمہ کے لئے ملک بھر سے تعاون کی ضرورت ہے، تمام والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطروں کو یقینی بنائیں، بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر پولیو وائرس سے بچا یا جا سکتا ہے۔
عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ معاشرے کے ہر طبقے کے افراد کو پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، سول سوسائٹی، میڈیا، علماء کرام پولیو کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔