سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق

Published On 20 May,2023 08:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہو گئی۔

ماہرین متعدی امراض پمز کے مطابق مکہ مکرمہ سے آج اسلام آباد پہنچنے والی خاتون لیب ٹیکنیشن منکی پاکس کا شکار نکلی، منکی پاکس سے متاثرہ خاتون کو پمز کے آئسولیشن وارڈ میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے بھی 19 سالہ خاتون کے منکی پاکس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی، اب تک سعودی عرب سے پاکستان آنے والے 4 افراد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق اسلام آباد آنے والے 3 اور کراچی آنے والے ایک فرد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وفاقی وزارت صحت حکام نے کہا کہ پاکستان میں منکی پاکس مقامی سطح پر پھیلنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

Advertisement