لاہور: (دنیا نیوز) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا اویسٹن انجکشن سے لوگوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے کی ابتدائی انکوائری حتمی مرحلے میں ہے۔
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا اویسٹن انجکشن سے لوگوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے کے بعد محکمہ پرائمری ہیلتھ کے ڈیش بورڈ پر مریضوں کے کوائف اکٹھا کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، مریضوں کی اصل تعداد کا تعین اور اعلان ڈیش بورڈ پر حاصل ہونے والی معلومات کے بعد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق مریضوں کی تعداد ابتدائی طور پر 68 ہے جس میں 10 سے 15 کا اضافہ ہو سکتا ہے، انجکشن سے بینائی متاثر ہونے کے بارے میں اصل صورتحال مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن کنٹرول کرنے کے بعد واضح ہوگی، میوہسپتال میں 20 مریض ہیں، 18 کی آنکھوں کی صفائی کر دی گئی ہے اور انفیکشن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید بتایا متعدد جگہوں سے اویسٹن انجکشن کے سیمپل لے کر تجزیہ کے لئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوا دیئے گئے ہیں، لیبارٹری رپورٹ آنے میں 10 سے 15 دن لگیں گے، محکمہ پرائمری ہیلتھ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے سرٹیفائیڈ ہے، انجکشن کا سیمپل درست ثابت ہوا تو اس واقعے کی ذمہ داری مکمل طور پر چھوٹی سرنجوں میں بھرنے والوں پر عائد ہو گی۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا لاہور کے نجی ہسپتال کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جہاں غیر قانونی طور پر چھوٹی سرنجوں میں انجکشن بھرنے کا کام کیا جاتا تھا، چھوٹی سرنجوں میں انجکشن بھرنے اور فروخت کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔