ڈینگی کے وار نہ تھمے، 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید 138 کیسز رپورٹ

ڈینگی کے وار نہ تھمے، 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید 138 کیسز رپورٹ

سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 74 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال پنجاب میں 11 ہزار 863 جبکہ لاہور میں 5 ہزار 225 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔

حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 13، ملتان میں 11، گوجرانوالہ میں 10 ، فیصل آباد میں 18 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

اسی طرح شیخوپورہ میں تین اور خانیوال میں دو، نارووال، مظفرگڑھ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چکوال، رحیم یار خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔

سیکرٹری ہیلتھ کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 140 مریض زیر علاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 85 مریض داخل ہیں، ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔