ہسپتالوں کا کام علاج کیساتھ بیماریوں سے حفاظتی تدابیر کو بھی فروغ دینا ہے: گورنر بلوچستان

ہسپتالوں کا کام علاج کیساتھ بیماریوں سے حفاظتی تدابیر کو بھی فروغ دینا ہے: گورنر بلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے آریہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے دورے کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی معاشرہ میں ہسپتال اُمید اور شفا کی علامت ہیں جو مریضوں کی دیکھ بھال، تندرستی اور بیماریوں سے تحفظ دینے کیلئے صحت مندانہ ماحول فراہم کرتے ہیں۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہر میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی معاشرے میں دو مختلف بنیادی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ وقتی طور پر مریضوں اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں اور زندگیاں بچائیں جبکہ دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ وہ محفوظ مستقبل کی خاطر لوگوں کے سائنٹفک رویوں کو تشکیل دیں اور عوام میں بچاؤ کے تدابیر اپنانے کا احساس پیدا کریں.

گورنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم پرائیویٹ سیکٹر کے اہم کردار کو بھی تسلیم کرتے ہیں.

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں ہسپتال کے کردار کے دونوں پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر صحتمند طرز زندگی اور جلد تشخیص کو فروغ دیکر ہسپتال افراد اور کمیونٹیز کو انکی فلاح و بہبود کیلئے ہم نئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔