کراچی میں گردوں کے امراض کی یونین کونسل سطح پر سکریننگ کا فیصلہ

کراچی میں گردوں کے امراض کی یونین کونسل سطح پر سکریننگ کا فیصلہ

کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز یونین کونسل کی سطح پر شہریوں کی کڈنی سکریننگ کرے گا، جبکہ یہ پروگرام یونین کونسل چیئرمینز کے تعاون سے کراچی کے مختلف علاقوں میں شروع کیا جائے گا۔

میئر کراچی کے مطابق پروگرام کا مقصد گردوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور شہر میں متاثرہ مریضوں کی درست تعداد کا تعین کرنا ہے۔

ابتدائی سکریننگ کے ذریعے گردوں کے ممکنہ امراض میں مبتلا شہریوں کی بروقت نشاندہی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید طبی معائنے کا انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سکریننگ کے دوران متاثرہ شہریوں کو متعلقہ طبی مراکز پر علاج اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ریفر کیا جائے گا۔

صرف سکریننگ نہیں بلکہ متاثرہ شہریوں کو رہنمائی، علاج اور طبی سہولیات کی فراہمی بھی بلدیہ عظمیٰ کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے گردوں کے امراض سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ شہریوں میں بروقت تشخیص اور احتیاط کا شعور اجاگر کیا جاسکے۔

میئر کراچی کے مطابق کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں کراچی سمیت ملک بھر سے مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں۔

عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ہسپتالوں اور طبی اداروں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔