خلاصہ
- جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے جمہوریہ کانگو میں تیزی سے پھیلنے والی ایبولا وبا اور اموات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور موثر بین الاقوامی امدادی کوششوں کی اپیل کی ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ وائرس ہر 30 منٹ میں ایک شخص کی جان لے رہا ہے۔
انہوں نے اس وبا کو ریکارڈ پر سب سے تیزی سے پھیلنے والی وبا قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وائرس کے مزید پھیلاؤ سے قبل اپنی کوششیں دوگنا کرے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ وبا بنڈی بوگیوایبولا وائرس نامی قسم کے باعث پھیلی ہے اور جمہوریہ کانگو کی تاریخ میں سب سے بڑی اور تیزی سے پھیلنے والی وبا بن چکی ہے، ابتدا میں یہ وائرس صوبہ اِٹوری کے مونگبالو ہیلتھ زون تک محدود تھا، تاہم اب یہ چھ صوبوں کے 54 ہیلتھ زونز تک پھیل چکا ہے۔
جمہوریہ کانگو کی وزارتِ مواصلات و میڈیا کی جانب سے ہفتے کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اموات کی تعداد 2,214 ہو گئی ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 4,727 ہے، اس طرح کیسز میں اموات کی شرح تقریباً 46.8 فیصد بنتی ہے۔