خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) لاہور کے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید کارڈیک سرجری کی سہولت کا عملی آغاز ہوگیا، جہاں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کے دوران 28 سالہ نوجوان عدیل عباس کے دل کا خراب والو کامیابی سے تبدیل کردیا گیا۔
مریض کی پہلی آورٹک والو ریپلیسمنٹ (اے وی آر) سرجری معروف کارڈیو تھوریسک سرجن ڈاکٹر حسنات احمد خان کی سربراہی میں کی گئی۔
آئی ڈیپ کے تعمیر کردہ سٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید طبی سہولیات کے ساتھ پیچیدہ امراض قلب کے علاج کا سلسلہ جاری ہے، 250 بستروں پر مشتمل یہ جدید کارڈیک ہسپتال پنجاب میں امراض قلب کے علاج کے ایک اہم مرکز کے طور پر سامنے آرہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے مطابق آئندہ ہفتے 40 سالہ خاتون مریضہ کے ایٹریل سیپٹل ڈیفیکٹ (اے ایس ڈی) کی سرجری کی جائے گی، جبکہ دو مریضوں کی کورونری آرٹری بائی پاس سرجریز (سی اے بی جی) بھی کی جائیں گی۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں نئے کارڈیک ہسپتالوں کے ذریعے امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔